انسداد پولیو مہم کے تحت ضلع چکوال و تلہ گنگ میں ویکسی نیشن راؤنڈ کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے
چکوال( نامہ نگار ) انسداد پولیو مہم کے تحت ضلع چکوال و تلہ گنگ میں ویکسی نیشن راؤنڈ کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ یہ مہم 21 اپریل تا 25 اپریل 2025ء تک جاری رہے گی- انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے خلاف حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے زیر صدارت منعقدہ ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے سی او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بتائی گئی ۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ أفیسر ڈاکٹر محمد شہباز ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ, محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے أفسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو ویکسی نیشن ٹیموں اور سپروائزری افسران کی تعیناتی و تربیت اور دیگر متعلقہ امور کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے مذکورہ پانچ روزہ راؤنڈ کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کی ہدایت کی کہ ویکسی نیشن پلان کے تحت مقررہ اہداف کے مطابق بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن کی تکمیل سو فیصد یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے چکوال و تلہ گنگ میں موجود خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن پوری پوری ذمہ داری سے مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس خصوصاً بچوں کے والدین کے نام پیغام میں کہا ہے کہ انسدادِ پولیو کی قومی مہم نونہالان قوم کو صحت مندانہ اور محفوظ مستقبل دینے کی ضمانت ہے اور اس مہم کی کامیابی کے لئے ہر حفاظتی ویکسی نیشن راؤنڈ میں والدین کا تعاون اشد ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو محکمہ صحت کی ٹیموں سے حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ عمر بھر کی معذوری سے بچ سکیں ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ تحصیلوں میں مؤثر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ انسدادِ پولیو مہم سوفیصد کامیاب بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کے والدین کو بھی تاکید کی کہ راؤنڈ کے دوران کسی بھی وجہ سے حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کے بارے میں فوری اطلاع مقامی انتظامیہ یا محکمہ صحت کے افسران کو دی جائے تاکہ ان بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔

کوئی تبصرے نہیں