گورنمنٹ کالج پنوال میں پروفیسر ڈاکٹر باقر وسیم قاضی کے اعزاز میں شاندار تقریب
گورنمنٹ گریجویٹ کالج پنوال، ضلع چکوال میں یومِ ثقافت کی تقریبات کے سلسلے میں معروف علمی و ادبی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر باقر وسیم قاضی کے اعزاز میں ایک پروقار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا عنوان "چانن ریٹائر نہیں ہوتا" تھا، جس کی میزبانی شعبہ انگریزی کے سربراہ پروفیسر شاہد آزاد نے کی۔تقریب کا آغاز کالج کے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے رنگا رنگ پروگرام سے ہوا، جس میں ڈاکٹر باقر وسیم کی علمی، ادبی اور تدریسی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ پروفیسر شاہد آزاد نے ان کی کئی دہائیوں پر محیط خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور انہیں ضلع چکوال کی علمی و ادبی تاریخ کا ایک روشن باب قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی بڑے انسان کا مقام تاریخ میں درست طریقے سے لکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے.پروفیسر باقر وسیم قاضی، جو حال ہی میں گورنمنٹ اصغر مال کالج راولپنڈی سے شعبہ اردو میں اپنی ملازمت مکمل کر کے ریٹائر ہوئے ہیں، انہوں نے اس تقریب میں اپنی تدریسی زندگی کے یادگار لمحات، دلچسپ واقعات اور تجربات بڑے پُراثر انداز میں بیان کیے۔ ان کی گفتگو علم، محبت اور فنِ تدریس کا حسین امتزاج تھی۔اس موقع پر سامعین کے اصرار پر انہوں نے اپنی مشہور نظم "چُنی" سنائی، جسے خوب سراہا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی ایک اور پسندیدہ نظم "انج ہے سادہ حال" بھی پیش کی، جس نے محفل کو گرما دیا۔ ان کا خاص اندازِ بیان اور شعری لہجہ سننے والوں کے دلوں کو چھو گیا۔تقریب میں قاضی زاہد، معروف کمپوزر ارشد محمود اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی اور پروفیسر باقر وسیم قاضی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آخر میں ڈاکٹر باقر وسیم نے پروفیسر شاہد آزاد اور کالج انتظامیہ کا دل سے شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر طلبہ کی جانب سے تیار کردہ ثقافتی اشیاء کی نمائش بھی منعقد ہوئی، جن میں ہاتھ سے بنی ہوئی خوبصورت اشیاء خاص طور پر دیدنی تھیں۔ یہ تقریب نہ صرف ایک علمی و ادبی اجتماع تھی بلکہ ایک ثقافتی جشن بھی تھی، جو شرکاء کے دلوں میں دیرپا نقوش چھوڑ گئی۔
کوئی تبصرے نہیں