چکوال:الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام جنگی صورتحال سے نبٹنے کے لیے ریسکیو1122کے تعاون سے فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا اہتمام کیاگیا

 


چکوال:الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام جنگی صورتحال سے نبٹنے کے لیے ریسکیو1122کے تعاون سے فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا اہتمام کیاگیا۔ جس میں ریسکیو1122 کے ریسکیو اینڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ سے ٹریننگ انسٹرکٹرز نے شرکت کی اور الخدمت کے رضاکاروں کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی۔ دارارقم سکول سٹی کیمپس چکوال میں منعقدہ ٹریننگ ورکشاپ میں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر زاہد عمران نے الخدمت کے رضاکاروں کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی اور جنگی صورتحال سمیت ہر قسم کی ایمرجنسی صورتحال سے نبٹنے کے لیے آگاہی فراہم کی ، چیف سیفٹی آفیسر اوورسیز خرم منظور نے خصوصی طور پر تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر زاہد عمران نے الخدمت کے رضاکاران کو ٹریننگ میں بتایا کہ جنگ صرف فورسز کی ہی نہیں ہوتی بلکہ کمیونٹی بھی اس میں شامل ہوتی ہے۔ اس لیے ہم میں سے ہر شخص کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نبٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ ٹریننگ ضرورحاصل کرنی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ پاک بھارت جھڑپوںمیں عوام نے پاک فوج کے شانہ بشانہ اپنی خدمات پیش کیں جس سے یہ بات واضح ہوئی کہ اگر جنگ ہوتی ہے تو ہر بندہ اس میں شامل ہوتاہے۔ انہوں نے ٹریننگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنگ کے خطرات کی صورت میں سائرن بجائے جاتے ہیں اور عوام کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ پانچ ،پانچ سیکنڈ کے وقفے سے ا گر سائرن بجائے جائیں تو یہ خطرے کی علامت ہوتی ہے اور لگاتار ایک منٹ کے لیے سائرن بجے یا سائرن کی آواز آئے توسمجھ لینا چاہئے کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔جنگ کی صورت میں کم از کم تین دن کے لیے کھانے پینے کی اشیاءذخیرہ کرنی چاہئیں اور خطرے کے سائرن بجتے ہی زیر زمین پناہ لینی چاہئے اور اگر کمروں میں پناہ لیں تو دیوار کے ساتھ بیٹھنا چاہئے۔اس موقع پر ٹریننگ کے شرکاءکو بتایا گیا کہ لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے ہر گھر میں فرسٹ ایڈ ٹرینی اور سامان موجود ہونا چاہئے یہ ہماری کمیونٹی کی ذمہ داری ہے۔ ٹریننگ کے دوران تربیت حاصل کرنے والے رضاکاران نے ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر زاہد عمران سے مختلف امورپرآگاہی حاصل کی۔ کمیونٹی ٹریننگ انسٹرکز سعادت بلال ،محمد عثمان ،عبدالقدیر کے علاوہ ریسکیو سکاﺅٹس جمیل، جواد علی ،تابش احمد اور اسماءبتول نے بھی ٹریننگ میں شرکت کی جبکہ الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع چکوال کے صدر نعمان ظفر ،جنرل سیکرٹری علی مختار اعوان ،انچارج شعبہ فنانس عثمان صدیق ،ڈائریکٹر والنٹئیر ڈپارٹمنٹ حافظ وقار احمد ،حافظ مبشر اور دیگر نے بھی شرکت کی اور فرسٹ ایڈ سے متعلقہ مفید معلومات سے استفادہ حاصل کیا۔ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر زاہد عمران نے شرکاءکو ریسکیو1122کی فائر برگیڈ سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی اور مختلف شعبے دکھائے۔شرکاءنے ٹریننگ کے اختتام پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ٹریننگ حاصل کرنے والے الخدمت کے رضاکاران نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نبٹنے یا ملک دشمنوں کامقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور وطن کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.