بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ (BARI) چکوال میں بلیک بیری فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا
چکوال(نامہ نگار ) بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال میں بلیک بیری پھل کے بارے میں فارمرز کی آگاہی اور اس منافع بخش پھل کی کاشت کا رجحان بڑھانے کے سلسلہ میں ایک روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس فیسٹیول کا افتتاح پاکستان کے مشہور سابق زرعی سائنسدان میاں محمد اشرف نے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد محمد اشرف سمرا کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال ڈاکٹر ندیم احمد نے کہا کہ بلیک بیری کی کاشت کے فروغ کے ضمن میں فارمرز کی آگاہی کے لئے اس فیسٹیول انعقاد کیا گیا ہے۔ اس وقت ہائی ویلیو کراپس پر تحقیق ناگزیر ہے۔خطہ پوٹھوار میں ہائی ویلیو کراپس خصوصاً پھلوں کی کامیاب کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلیک بیری بہت غذائیت والا پھل ہے۔اس کی کاشت کر کے کاشتکار بہتر آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔اس پھل سے بہت ساری مصنوعات تیار کی جاسکتی ہیں۔ ڈاکٹر ندیم احمد نے مزید کہا کہ بلیک بیری کی کاشت بڑھانے کے لئے سرکاری و نجی شعبہ کا اشتراک انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال پنجاب بھر کے تحقیقاتی اداروں سے زیادہ تحقیقی سرگرمیاں سر انجام دے رہا ہے اور اس ادارہ نے کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے سنئیر سائنٹسٹ عقیل فیروز نے کہا کہ بارانی زرعی ترقیاتی ادارہ میں بلیک بیری فیسٹیول کا انعقاد سے مقامی فارمرز کو بھرپور آگاہی حاصل ہو گی۔ نتیجتاً منافع بخش بلیک بیری پھل کی بڑے پیمانے پر کاشت کو فروغ حاصل ہوگا اور یوں کاشتکاروں کے معاشی استحکام میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلیک بیری روایتی فصلات کے مقابلہ میں بہت ہی اچھی آمدن دیتی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اس ادارہ میں بلیک بیری کی کاشت اور اس سے مختلف مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے تحقیق جاری ہے۔اس موقع پر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کی پرنسپل سائنٹسٹ میڈم نویدہ انجم نے کہا کہ بلیک بیری اور دیگر ہائی ویلیو کراپس کی کاشت کی ترویج میں بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے سائنسدانوں نے انتھک محنت کی ہے۔سائنسدانوں کی اس تحقیق سے کاشتکاروں کو استفادہ کرنا چاہیے۔اس موقع پر نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پر بلیک بیری اور اس بنی مختلف مصنوعات رکھی گئی تھی۔سید شاہد افتخار بخاری ڈائریکٹر زراعت فیسٹیول پر لگے اسٹالز کا دورہ کیا۔


کوئی تبصرے نہیں