ٹریفک پولیس چکوال نے ماہ مئی کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 73لاکھ 41ہزار دو سو روپے کے جرمانے کیے

 


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ٹریفک پولیس چکوال نے ماہ مئی کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 73لاکھ 41ہزار دو سو روپے کے جرمانے کیے۔ جنہیں سرکاری خزانے میں جمع کروایاگیا۔ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 806 موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر 2000روپے فی کس جرمانہ کیاگیا، اوور لوڈنگ اور چھتوں پر سواریاں بٹھانے کے خلاف خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں ،ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر چکوال سرفراز احمد نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک فاران بیگ کی ہدایات پر ڈی پی او چکوال احمد محی الدین کی زیر نگرانی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کاروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں ۔انہوںنے کہا کہ اوور لوڈنگ اور چھتوں پر سواریاں بٹھانے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ہیلمٹ استعمال نہ کرنے پر پہلی مرتبہ 2000روپے کا چالان کیا جا رہاہے۔ اس کے باوجود اگر کوئی موٹر سائیکل سوار دوسری مرتبہ ہیلمٹ کے بغیر پکڑا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ون ویلنگ یا خطرناک طرز ڈرائیونگ پر بھی مقدمہ درج ہوگا۔ گاڑی سے باہر خطرناک انداز میں لٹکتے سریا وغیرہ پر گاڑیاں بند کر دی جائیں گی۔ خراب یا بند ہیڈ لائٹس کے ساتھ ڈرائیونگ پر سخت کاروائی ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کر کے مہذب اور قانون پسند ہونے کا ثبوت دیں تاکہ سڑکوں کو سفر کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.