منور میموریل آئی ہسپتال چکوال میں ذیابیطس کے لیے ایک نئے یونٹ کا قیام

 


رپورٹ: سید سبط حسن گیلانی برمنگھم (یوکے)


منور میموریل آئی ہسپتال چکوال میں ذیابیطس کے لیے ایک نئے یونٹ کا قیام۔ منور میموریل ہسپتال چکوال اس کے بانی ڈاکٹر سجاد اور اہلیان چکوال کے لیے یہ ایک بڑی خوشی کی خبر ہے ۔ گزشتہ ہفتے 13 ستمبر 2025 کو برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم کے ایک معروف عوامی ریجنٹ پارک ہال میں ایک فنڈ ریزنگ تقریب منعقد ہوئی جس کے انعقاد میں بنیادی اور اہم کردار چکوالیوں کی معروف سماجی تنظیم فرنیڈز آف چکوال کا تھا ۔ جس کے صدر چوہدری اظہر محمود آف چکرال ہیں ۔ تقریب ایم ڈی ایس احسان ٹرسٹ اور ٹی ڈی سی برطانیہ کے تعاون سے منعقد ہوئی ۔ یہ ٹرسٹ پاکستان کے بڑے شہروں میں ذیابیطس کی بیماری سے بچاو کے یونٹس چلا رہا ہے ۔ اب اس ٹرسٹ نے چکوال کے معروف پرائیویٹ منور میموریل آئی ہسپتال میں ذیابیطس یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو چکوال کے لیے انتہائی اہم اور مفید رساں تحفے سے کم نہیں ۔ تقریب میں برمنگھم کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں سابق لارڈ مئیر شفیق شاہ اور ممبر اسمبلی خالد محمود نمایاں تھے ۔ ڈاکٹر عفت حیدر اور سابق مجسٹریٹ جناب شمس العارفین آف چکرال نے سب کے تعارف کی ذمہ داری نبھائی ۔ پروفیسر ڈاکٹر وسیم حنیف نے تفصیل سے پاکستانی معاشرے میں بڑھتی ہوئی اس موذی مرض اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر اسجد نے بھی اس کے دن بہ دن بڑھتے پھیلاؤ پر اعدادوشمار کے ساتھ آگاہی دی ۔ ڈاکٹر نینی پال ڈاکٹر فریحہ عظمت ڈاکٹر عنبرین رئوف نے بھرپور نمائندگی کی ۔ ملالہ یوسف زئی کو زخمی حالت میں سابق آرمی چیف جنرل کیانی کے تعاون سے برمنگھم لا کر نئی زندگی کی نوید دینے والے ڈاکٹر کیانی اس تقریب کے نمایاں افراد میں سے تھے ۔ پاکستان کے مین سٹریم میڈیا کے نمائندے بھی شریک محفل تھے ۔ آخر میں تمام معززین کی پرتکلف ڈنر سے تواضع کی گئی ۔ فنڈ ریزنگ کے حوالے سے یہ ایک کامیاب تقریب تھی ۔ عنقریب اہلیان چکوال اس کو عملی شکل میں دیکھ کر اس سے شفا حاصل کر رہے ہوں گے ۔ اللہ اس منصوبے کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.