وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے ضلع چکوال کی عوام کو الیکٹرک بسوں کا شاندار تحفہ دیا گیا ہےبلال اکبر خان
چکوال (پ۔ر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے ضلع چکوال کی عوام کو الیکٹرک بسوں کا شاندار تحفہ دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس کمیونیکیشن بلال اکبر خان نے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی میجر ( ر)طاہر اقبال، پارلیمانی سیکرٹری انسپکشن ٹیم وزیر اعلیٰ پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان خان، ممبران صوبائی اسمبلی ملک تنویر اسلم اعوان، ملک فلک شیر اعوان، مہوش سلطانہ راجہ، ڈپٹی کمشنر سارہ حیات، ڈی پی او لیفٹینٹ ( ر ) احمد محی الدین، سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان، مسلم لیگ( ن )کے رہنما سردار محمد خان، چوہدری سجاد حسین، ضمیر الحسن ایڈوکیٹ، اے ڈی سی جی بلال بن عبد الحفیظ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کامران افضل،معززین علاقہ، میڈیا کے نمائندگان سمیت عوام الناس کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے الیکٹرو بس سروس کا افتتاح کیا اور دیگر مہمانان گرامی کے ہمراہ الیکٹرک بسوں کے ذریعے شہداء پارک سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس تک کا سفر کیا۔ تقریب سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پنجاب کے 100 سے زائد انیشیٹوز کی بدولت عوام کے مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کروائی گئیں اور اس سال دس ہزار کلو میٹر سے زائد سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح سکولوں میں میل پروگرام کے تحت بچوں کی نشوونما کے لئے دودھ سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیا دی جا رہی ہیں اور مختلف تدریسی اور غیر تدریسی شعبوں میں بھی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مقامی سیاسی قیادت اور انتظامیہ کی کاوشوں سے چکوال میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز کل سے ہو رہا ہے پہلے مرحلے میں 15 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔ ضلع میں تین روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی پہلا روٹ ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ڈھڈیال۔ دوسرا روٹ تحصیل چوک سے بلکسر اور تیسرا روٹ تحصیل چوک سے ملہال مغلاں تک ہوگا۔ الیکٹرک بسوں کے لئے چارجنگ پوائنٹ ابتدائی طور پر جنرل بس اسٹینڈ میں قائم کر دیا گیا ہے۔ ان بسوں میں ضعیف العمر افراد، سٹوڈنٹس اور خواتین کو مفت سفری سہولیات میسر ہوں گی ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جدید طرز کی یہ ماحول دوست الیکٹرک بس سے نہ صرف شہریوں کو آرام دہ، کم خرچ اور بروقت محفوظ سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت بڑے شہروں کی طرز پر چھوٹے شہروں میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے- وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ چکوال میں الیکٹرک بس سروس اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو میں ضلع کی ضرویات کو دیکھتے ہوئے مزید بسیں فراہم کی جائیں گی۔

کوئی تبصرے نہیں