میجر (ر) طاہر اقبال ملک نے جند اعوان میں گاؤں کی مین حفاظتی دیوار اور جنازہ گاہ کی چار دیواری کے منصوبے کا باقاعدہ سنگِ بنیادرکھ دیا

 


ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی)ممبر مرکزی مجلسِ عاملہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، سابق وفاقی وزیر اور رکنِ قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال ملک نے جند اعوان میں گاؤں کی مین حفاظتی دیوار اور جنازہ گاہ کی چار دیواری کے منصوبے کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا۔اس موقع پر انچارج پبلک سیکرٹریٹ چکوال ملک محمد اقبال، سب انجینئر ضلع کونسل چکوال نعیم خان، ٹھیکیدار حبیب اللہ، سابق جنرل کونسلر یونین کونسل جند اعوان محمد شبیر جنجوعہ، ملک بشارت، ملک حمید،ملک صدیق، ماسٹر طالب سمیت علاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر (ر) طاہر اقبال ملک نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے اہلیانِ جند اعوان کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ ان کی تجویز پر حکومتِ پنجاب نے جند اعوان اور بشارت کو ماڈل ویلج کا درجہ دے دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری ہو چکا ہے۔ ماڈل ویلج منصوبے کے تحت علاقے میں مزید ترقیاتی منصوبے، تمام رابطہ سڑکوں کی پختگی، سٹریٹ لائٹس، فلٹریشن پلانٹس، پارکس اور کھیلوں کے گراؤنڈز کی فراہمی کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔تقریب کے اختتام پر اہلیانِ دیہہ نے ان ترقیاتی اقدامات پر رکنِ قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال ملک اور سینیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) میجر (ر) ڈاکٹر قیصر مجید ملک کا شکریہ ادا کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.