پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس چکوال کے لان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب
چکوال ( ڈی آئی او ) پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس چکوال کے لان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال بن عبدالحفیظ نے پرچم کشائی کی جبکہ تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز زراعت بلوچ، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر مرید عباس، انچارج ریسکیو 1122 ڈاکٹر عتیق احمد خان، ضلع کونسل، پیرا فورسز سمیت مختلف محکموں کے افسران، اہلکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور پیرا فورسز کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال بن عبدالحفیظ نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع چکوال میں بھی پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ شایانِ شان انداز میں منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ کی چوٹیوں سے بلند اور سمندر کہرائیوں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ پاکستان بھی “ون چائنا پالیسی” پر ثابت قدم ہے۔ حالیہ علاقائی صورتحال میں چین کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل حمایت دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا میں ایک مثال کے طور پر دیکھی جاتی ہے اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید مستحکم اور معاشی ترقی کا سبب بنیں گے۔ اس موقع پر شہداء پارک اور مختلف یاد گاروں کو خصوصی چراغاں اور روشنیوں سے سجایا گیا تاکہ پاک چین دوستی کے اس تاریخی دن کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

کوئی تبصرے نہیں