چوہدری سلطان حیدر علی خان نے بھکاری خورد سڑک کے تعمیراتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا
چکوال(ڈی آئی او) پارلیمانی سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم و ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی خان نے بھکاری خورد سڑک کے تعمیراتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر اہلِ علاقہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور منصوبے کو علاقے کی ترقی و خوشحالی کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم چوہدری سلطان حیدر علی خان نے کہا کہ عوامی خدمت ان کی سیاست کا محور ہے اور بھکاری خورد کی سڑک کی تعمیر مقامی آبادی کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ اس کی تکمیل سے علاقہ کے عوام کو آمد و رفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور روزمرہ سفر میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ اہلِ علاقہ نے منصوبے کی منظوری اور عملی آغاز پر چوہدری سلطان حیدر علی خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں