عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین، پُرامن، صاف ستھرے ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سارہ حیات

 


چکوال (ڈی آئی او) ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین، پُرامن، صاف ستھرے ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جامع اور موثر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان انتظامات پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ لائحہ عمل تیار کر لیا ہے تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں اے ڈی سی آر محمد شہاب اسلم، اے ڈی سی جی بلال بن عبد الحفیظ، اسسٹنٹ کمشنرز، منیجر آر ڈبلیو ایم سی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹیز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں صفائی، سیکورٹی، پارکنگ ، پینے کے صاف پانی ، روشنی طبی سہولیات اور ویٹرنری سروسز کی فراہمی حکومتی ایس او پیز کے مطابق بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کیلئے مناسب انتظامات کیے جائیں اور قیمتوں کی نگرانی اور انٹری پرچی پر اوور چارجنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران آلائشوں کی بروقت تلفی ، صفائی ستھرائی اور سیوریج کے مسائل سے نمٹنے کیلئے خصوصی صفائی پلان مرتب کر لیا گیا ہے آر ڈبلیو ایم سی اور میونسپل اداروں کی جانب سے اضافی عملہ ، مشینری اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ شہر اوردیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور عید کے تینوں دن خصوصی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں تاکہ ،شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے جبکہ عید کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے پولیس، پیرا فورس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ مسافر بسوں میں اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ پر سختی سے روکا جائے اور جو بھی مرتکب پایا جائے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر دفعہ 144 کے نفاذ پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو عیدالاضحیٰ پر پارکس میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں تاکہ شہری عیدالاضحیٰ محفوظ، خوشگوار اور صاف ستھرے ماحول میں منائیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.