ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اعلی سطحی کمیٹی کا یونیورسٹی آف چکوال کا دورہ
انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور اور یونیورسٹی چکوال کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط۔
معاہدے کے تحت چکوال یونیورسٹی کی انجینئرنگ فیکلٹی اور طلبہ UET Lahore کی علمی اور تحقیقی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
(چکوال) ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی جانب سے انجینئرنگ تعلیم و تحقیق کے معیار میں بہتری کے لیے قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے گزشتہ روز یونیورسٹی اف چکوال کا دورہ کیا۔ اس اعلی سطحی کمیٹی کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور تھے۔ وفد میں پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان (ڈائریکٹر سٹڈیز)، ڈاکٹر محمد وقاص (ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز)، اور ڈاکٹر سید محسن علی کاظمی (ڈائریکٹر اورِک) بھی ان کے ہمراہ تھے۔ یہ دورہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے اور انجینئرنگ تعلیم میں پائیدار اصلاحات کے فروغ کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ وفد کا استقبال وائس چانسلر یونیورسٹی آف چکوال پروفیسر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے کیا۔ ان کے ہمراہ رجسٹرار رانا عبدالماجد اور خزانہ دار محمد آصف اور دیگر حکام شامل تھے۔
دورے کے موقع پر "ریفارمز ان انجینئرنگ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ" کے عنوان سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت یونیورسٹی آف چکوال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے کی۔ سیمینار میں ڈاکٹر شاہد منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی اف چکوال کے شعبہ انجینئرنگ اور دیگر شعبہ جات کے اساتذہ بھی موجود تھے۔سیمینار کے دوران انجینئرنگ تعلیم کے موجودہ چیلنجز، نصاب کی جدید خطوط پر ہم آہنگی، تحقیق کے معیار میں بہتری اور فروغ، اور صنعت و اکیڈمیا کے درمیان مضبوط و مؤثر روابط قائم کرنے پر تفصیلی اور جامع گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ انجینئرنگ گریجویٹس کی تیاری کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف چکوال انجینئرنگ تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے جدید تدریسی و تحقیقی اصلاحات کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون ہی پائیدار تعلیمی ترقی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور یونیورسٹی آف چکوال کے درمیان تدریسی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت فیکلٹی ایکسچینج، مشترکہ ریسرچ پروجیکٹس، جوائنٹ سپرویژن، طلبہ کے تبادلہ پروگرامز، اور جدید لیبارٹریز و تحقیقاتی سہولیات کے اشتراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف چکوال جیسے ابھرتے ہوئے اداروں کے ساتھ اشتراک سے ملک میں انجینئرنگ ایجوکیشن اور ریسرچ کے معیار کو بہتر بنانے میں نمایاں پیش رفت ممکن ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ HEC کی اعلیٰ سطحی کمیٹی ملک بھر میں یکساں اور معیاری انجینئرنگ تعلیم کے فروغ کے لیے عملی سفارشات اور اقدامات کو یقینی بنائے گی۔آخر میں دونوں اداروں کے نمائندگان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ تعاون نہ صرف ادارہ جاتی سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی انجینئرنگ تعلیم و تحقیق کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، جو پاکستان کی علمی و تکنیکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

کوئی تبصرے نہیں