چکوال: اوور ٹائم نہ ملنے پر واسا ملازمین کا احتجاج، شہر کو پانی کی سپلائی بند کر دی
چکوال :واسا کے 27 ملازمین نے اوور ٹائم کی گزشتہ چار ماہ سے عدم ادائیگی اور رمضان المبارک میں اعلان کردہ اعزازیہ نہ ملنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شہر بھر میں پانی کی سپلائی معطل کر دی اور ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی بھی نکالی اور متعلقہ حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ عید، تہواروں، آندھی، طوفان اور دیگر ہنگامی حالات میں بھی شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنی ڈیوٹیاں انجام دیتے رہے ہیں، مگر ادارہ ان کی محنت اور قربانیوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔احتجاج کرنے والے ملازمین کے مطابق بڑھتی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مشکل معاشی حالات کے باوجود وہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں، تاہم گزشتہ چار ماہ سے ان کا اوور ٹائم ادا نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان المبارک میں اعلان کردہ ہاف بیسک پے اعزازیہ بھی تاحال نہیں دیا گیا ملازمین نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری اور بقایا جات کی فوری ادائیگی تک احتجاج اور پانی کی سپلائی کی بندش جاری رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

کوئی تبصرے نہیں