*بادشاہ پور میں کوئلہ کی کان کنی کے باعث گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول بادشاہ پور کے کلاس روم کی ایک دیوار اچانک گر گئی*
چوآ سیدن شاہ (بیوروچیف) تحصیل چوآسیدن شاہ کے گاﺅں بادشاہ پور میں کوئلہ کی کان کنی کے باعث گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول بادشاہ پور کے کلاس روم کی ایک دیوار اچانک گر گئی۔ خوش قسمتی سے اتوار (سنڈے) ہونے کے باعث سکول بند تھا اور بچیاں موجود نہیں تھیں۔ جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اگر چھٹی کا دن نہ ہوتا تو یہ واقعہ ایک بڑے سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا تھا۔ مقامی رہائشیوں راجہ فرحان ،راجہ تنویر ،محمد کمال ،عدنان احمد ،محمد نذیر ،محمد صفدر وغیر ہ نے کہا ہے کہ اس سلسلہ میںمتعدد بار ڈپٹی کمشنر چکوال، اسسٹنٹ کمشنر چوآ سیدن شاہ، محکمہ معدنیات پنجاب (Mines & Minerals Department)، پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (EPA)، پولیس حکام، اور وزیر اعلیٰ پنجاب شکایات سیل سمیت دیگر متعلقہ فورمز کو درخواستیں جمع کروائیں، مگر مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔مقامی افراد کے مطابق غیر قانونی کان کنی کے باعث پہلے مکانات کی دیواروں میں دراڑیں پڑنا شروع ہوئیں، جبکہ اب صورتحال مزید خراب ہو چکی ہے اور متعدد مکانات گرنے لگے ہیں، جس سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اہلِ علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر غیر قانونی کان کنی کو نہ روکا گیا توگاﺅں کی آبادی ،قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب، ڈپٹی کمشنر چکوال، اسسٹنٹ کمشنر چوآ سیدن شاہ، محکمہ معدنیات اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں