ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ سارہ حیات کا عیدالاضحیٰ کے انتظامات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ تلہ گنگ
چکوال(ڈی آئی او) ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ سارہ حیات نے عیدالاضحیٰ کے انتظامات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے تلہ گنگ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مویشی منڈی تلہ گنگ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشاء سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے منڈی میں صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، پارکنگ، پینے کے صاف پانی، لائٹنگ، ویٹرنری و دیگر دیگر سہولیات اور بیوپاریوں و خریداروں کے لیے قائم سہولت مراکز کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کیں کہ شہریوں کو ایک منظم، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ شہریوں کو خرید و فروخت کے دوران خوشگوار اور آسان ماحول میسر آ سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے آر ایچ سی بلکسر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیاب صورتحال، صفائی کے معیار اور طبی عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات بھی کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام سرکاری صحت مراکز میں علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں