حکومتِ پنجاب منشیات فروش عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، ملک شہریار اعوان

 


چکوال( ڈی آئی او ) ضلع چکوال میں منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سنٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے نارکوٹکس پنجاب ملک شہریار اعوان تھے، جنہوں نے بریگیڈیئر مظہر، ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات گوندل اور ڈی پی او کاشف ذوالفقار کے ہمراہ سنٹر کا افتتاح کیا۔تقریب میں اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ، سابق چیئرمین بلدیہ چکوال چوہدری سجاد، متعلقہ افسران اور معززینِ علاقہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری کو پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سنٹر کے اغراض و مقاصد، حکمتِ عملی اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سنٹر اس حوالے سے مؤثر کردار ادا کرے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری ملک شہریار اعوان نے کہا کہ حکومتِ پنجاب منشیات فروش عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے تدارک کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ عوامی شعور بیدار کرنے اور متاثرہ افراد کی بحالی کے اقدامات کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز کا قیام ایک محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کی جانب مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.