ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات کا اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر کے ہمراہ منڈی مویشیاں چک نورنگ کا اچانک دورہ

 


چکوال(ڈی آئی او ) ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر کے ہمراہ منڈی مویشیاں چک نورنگ کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں قائم مختلف سرکاری محکموں کے سہولت سٹالز، صفائی انتظامات، سکیورٹی، پینے کے پانی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بیوپاریوں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت بروقت فراہم کی جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے منڈی میں موجود بیوپاریوں اور خریداروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے “ستھرا پنجاب” کیمپس کا بھی دورہ کیا جہاں شہریوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی محفوظ اور ماحول دوست تلفی کیلئے خصوصی شاپنگ بیگز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران ضلع بھر میں صفائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام اور میونسپل اداروں کی جانب سے قائم صفائی آگاہی کیمپس، کولیکشن سینٹرز اور ڈمپنگ سائیڈز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ آلائشوں کی بروقت تلفی، صفائی آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے، جبکہ ستھرا پنجاب ٹیمیں عید کے تینوں دن فیلڈ میں موجود رہیں گی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.