محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے تمام ممکنہ انتظامات بروئے کار لائے جائیں گے،سارہ حیات

 


چکوال (ڈی آئی او ) ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کاشف ذوالفقار کے ہمراہ محرم الحرام کے پُرامن انعقاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلے میں ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع چکوال و تلہ گنگ میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات، مذہبی رواداری کے فروغ اور ضابطہ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ اجلاس میں علمائے کرام، مشائخ عظام، اکابرین، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر علماء و مشائخ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون قائم رکھنے اور ضلع کے امن کو ہر صورت مقدم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے تمام ممکنہ انتظامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ واریت پر مبنی مواد کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ ڈی پی او کاشف ذوالفقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ حساس مقامات، مجالس اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور امن و امان خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام و اکابرین نے کہا کہ اسلام امن، اخوت، محبت، برداشت اور رواداری کا دین ہے، جس کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے اور امن و آشتی کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ہر باشعور شہری داعیٔ امن کے طور پر اپنا کردار ادا کرے۔ اجلاس کے اختتام پر ضلع چکوال و تلہ گنگ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.