پیداواری مقابلہ گندم 2025-26: چکوال کے نمایاں کاشتکاروں میں لاکھوں روپے کے انعامات تقسیم

 



چکوال (ڈی آئی او) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن "کسان خوشحال، ملک خوشحال" کے تحت محکمہ زراعت (توسیع) کے زیرِ اہتمام منعقدہ پیداواری مقابلہ گندم 26 - 2025 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں انعامات کے چیک تقسیم کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر آفس چکوال کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی، جہاں ڈسٹرکٹ کمیٹی چیئرپرسن ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے ضلع بھر میں گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں انعامات کے چیک تقسیم کیے۔ ضلعی سطح پر پہلا انعام حاجی اکبر حسین ساکن دھیدوال کو 10 لاکھ روپے، دوسرا انعام غلام شبیر ساکن تھرپال کو 8 لاکھ روپے جبکہ تیسرا انعام بابر اقبال ساکن کھیوال کو 5 لاکھ روپے دیا گیا۔ کامیاب کاشتکاروں نے جدید زرعی سفارشات، متوازن کھادوں کے استعمال، اور بہتر کراپ مینجمنٹ کے ذریعے نمایاں پیداوار حاصل کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ تقریب کے موقع پر محکمہ زراعت (توسیع) کے افسران بشمول ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملک وسیم عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کراپ رپورٹنگ کے متعلقہ افسران، فیلڈ اسٹاف اور بڑی تعداد میں ترقی پسند کاشتکار موجود تھے۔ ضلع بھر سے انعامی مقابلہ کیلئے 268 درخواستیں موصول ہوئیں سکروٹنی کے بعد 95 کاشتکاروں نے مقابلہ کیلئے کوالیفائی کیا۔ تحصیل کمیٹی نے موقع پر گندم کے پلاٹ چیک کئے اور 10 پلاٹ کٹائی کے لیے منتخب کئے گئے اور قواعد و ضوابط اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے تین کاشتکاروں کو انعامات سے نوازا گیا۔ ڈپٹی کمشنر چکوال نے اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) اور متعلقہ فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع کےافسران اور سٹاف نے انتہائی محنت، جانفشانی اور شفافیت کے ساتھ گندم کے پیداواری مقابلہ کا انعقاد کروایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کاشتکار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات اور مراعات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کامیاب کاشتکاروں کی کاوشوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ دیگر کسان بھی جدید زرعی طریقوں کو اپناتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب کاشتکاروں نے محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی زرعی ترقی اور غذائی خود کفالت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.