کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کا ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چکوال کا دورہ

 


چکوال (ڈی آئی او) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چکوال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری اور مجموعی سروس ڈلیوری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر، اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مختار سرور خان نیازی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر۔ عامر خٹک نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ عوام کو معیاری، بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل دستیابی، طبی عملے کی حاضری، صفائی کے اعلیٰ معیار اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کمشنر راولپنڈی کو ہسپتال میں جاری انتظامی و طبی امور، مریضوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون سے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں اور ہسپتال کے انتظامی نظام کو مزید فعال اور مریض دوست بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے، طبی سہولیات کی بہتری اور علاج معالجے کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام تر اقدامات ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں بہترین اور معیاری طبی خدمات میسر آ سکیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.