ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کا مریم نواز ہیلتھ کلینکس بلکسر اور مرید کا اچانک دورہ
چکوال (ڈی آئی او) ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے مریم نواز ہیلتھ کلینکس بلکسر اور مرید کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کلینکس میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، طبی آلات کی فعالیت اور عملے کی حاضری کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کلینکس میں موجود مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے کے حوالے سے ان کی آراء حاصل کیں۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے طبی ریکارڈ، ادویات کے سٹاک، لیبارٹری سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ضروری ادویات اور طبی سامان کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام ہیلتھ کلینکس میں صفائی ستھرائی، مریض دوست ماحول اور طبی خدمات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


کوئی تبصرے نہیں