ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی زیرِ صدارت سنٹر آف ایکسیلنس (بوائز) سکول چکوال کی گورننگ باڈی کا اجلاس

 


چکوال (ڈی آئی او ) ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی زیرِ صدارت سنٹر آف ایکسیلنس (بوائز) سکول چکوال کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل محمد یسین، بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے شرکت کی۔ ال پرنسپل محمد یسین نے ادارے کی تعلیمی، انتظامی اور ہم نصابی سرگرمیوں سمیت مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ گورننگ باڈی نے سکول کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی معیار میں مزید بہتری، طلبہ کی استعداد کار میں اضافے اور ادارے کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے ہدایت کی کہ جاری سمر کیمپ کے دوران ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور بالخصوص تعلیمی لحاظ سے کمزور طلبہ پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر نمایاں کارکردگی دکھا سکیں اور دیگر طلبہ کے شانہ بشانہ آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے بورڈ کے تعلیمی اراکین پر زور دیا کہ طلبہ کی ذہنی نشوونما، کردار سازی اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کونسلنگ کا نظام مزید فعال بنایا جائے تاکہ طلبہ کو درپیش چیلنجز کا بروقت تدارک ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے تدریسی و انتظامی سٹاف کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی، نظم و ضبط کے فروغ اور طلبہ کے لیے بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے سکول کے تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرنے اور ادارے کو ضلع کے مثالی تعلیمی اداروں میں شامل رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.