ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ سارہ حیات اور پاک فوج کے کرنل شہزاد کے زیرِ صدارت محرم الحرام میں سیکیورٹی و انتظامی انتظامات کے حوالے سے اجلاس

 


چکوال (ڈی آئی او ) ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ سارہ حیات اور پاک فوج کے کرنل شہزاد کے زیرِ صدارت محرم الحرام میں سیکیورٹی و انتظامی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرمی افسران، ایس پی انویسٹی گیشن ساجد محمود گوندل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال بن عبدالحفیظ، اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے ضلع چکوال اور تلہ گنگ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، سیکیورٹی انتظامات، ویجی لینس، جلوسوں و مجالس کی مانیٹرنگ اور لا اینڈ آرڈر کنٹرول پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، ہیلتھ اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ جلوسوں کے شرکاء اور عزاداران کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے کردار، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ، مذہبی رواداری کے قیام اور محرم الحرام کے دوران ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ضلعی امن کمیٹی کے مؤثر تعاون اور امن کے قیام کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ کرنل شہزاد نے محرم سیکیورٹی پلان، بین الادارہ جاتی تعاون اور ضلعی امن کمیٹی کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ضلع میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی پرامن فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے باہمی مشاورت اور مکمل تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور کرنل شہزاد نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم، سیف سٹی مانیٹرنگ سنٹر اور چکوال شہر جلوس روٹ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مانیٹرنگ، نگرانی اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ عزاداران کو بہترین سہولیات اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.