ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کا اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر کے ہمراہ شہر میں سات محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ
چکوال (ڈی آئی او) ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے اسسٹنٹ کمشنر چکوال ارسلان سکندر کے ہمراہ شہر میں سات محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر جلوس کے منتظمین، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جلوس روٹ پر سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اور تمام انتظامات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ جلوس پُرامن اور منظم انداز میں اپنے مقررہ روٹ پر گزر سکے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عزاداران کے لیے قائم کی جانے والی مریم نواز سبیلوں پر ٹھنڈے اور صاف پانی کی دستیابی، سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب، ہنگامی طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی، صفائی اور عوامی سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداران کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ مذہبی رسومات پُرامن، محفوظ اور خوش اسلوبی سے ادا کی جا سکیں۔

کوئی تبصرے نہیں